SOURCE :- BBC NEWS

بائبل، فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

ایک گھنٹہ قبل

مسیحیوں کی مقدس کتاب بائبل کے موضوعات میں دنیا کی تاریخ ، تخلیق، زوال، نجات، اور زندوں اور مردوں کے بارے میں خدا کا آخری فیصلہ شامل ہے۔

عہد نامہ قدیم (300 قبل مسیح کی تاریخ) دنیا اور آدم اور حوا کی تخلیق، خدا کی نافرمانی اور باغ عدن سے ان کے اخراج سے شروع ہوتا ہے۔

جبکہ نیا عہد نامہ یسوع کی زندگی، موت، اور جی اُٹھنے سے انسانیت کے چھٹکارے کا ذکر کرتا ہے، اور انکشافات کی کتاب کے ساتھ اختتام پذیر ہوتا ہے، جو تاریخ کے اختتام اور خدا کے آخری فیصلے کو بیان کرتی ہے۔

عیسائیت کے پہلے 400 سالوں کے دوران، چرچ نے نئے عہد نامے کے مواد کا تعیّن کرنے میں اپنا وقت لگایا۔ آخر کار 367 عیسوی میں حکام نے ان 27 کتابوں کی تصدیق کی جو اس پر مشتمل ہیں۔ لیکن بائبل کس نے اور کیسے لکھی؟ اس بارے میں چار مختلف نظریات ہیں۔

بائبل، فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

1: بائبل ایک ’حکمِ الٰہی‘ ہے

تمام مسیحی متفق ہیں کہ بائبل قابل اعتماد مقدس کتاب ہے۔ بہت سے لوگ اسے خدا کے الہامی کلام کے طور پر دیکھتے ہیں۔ لیکن اس کے معنی کے بارے میں اہم اختلافات ہیں۔

یہ عقیدے کی انتہائی شکل ہے جس کے مطابق اس کے مواد کو الہی الہام سے تعبیر کیا جاتا ہے۔ یعنی خدا نے بائبل کو ان لوگوں کو بول کر لکھوایا جنھوں نے اسے تحریر کیا۔

یہ تشریح قرون وسطیٰ کیتھولک چرچ کے ساتھ جاری رہی۔ 13ویں صدی میں کیتھولک ماہرِ الٰہیات تھامس ایکیناس نے کہا: ’مقدس صحیفوں کا مصنف خدا ہے۔‘

مواد پر جائیں

بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

اس نے دلیل دی کہ مقدس کلام کے ہر لفظ کے کئی معنی ہو سکتے ہیں۔ دوسرے الفاظ میں، اس کی مختلف طریقوں سے تشریح کی جا سکتی ہے۔

پروٹسٹنٹ ازم کے نام سے مشہور مذہبی اصلاحی تحریک 16ویں صدی میں پورے یورپ میں پھیل گئی۔ اس وقت، عیسائیت کی پہلے سے موجود کیتھولک اور مشرقی آرتھوڈوکس روایات کے ساتھ گرجا گھروں کا ایک نیا گروپ بنایا گیا تھا۔

پروٹسٹنٹ نے ’صرف صحیفہ‘ کے اختیار پر زور دیا، مطلب کہ بائبل کا متن کلیسا پر اعلیٰ اختیار تھا۔ اس نے صحیفوں پر زیادہ زور دیا اور اس خیال کو کہ بائبل ایک ‘حکمِ الہٰی’ ہے زیادہ حمایت حاصل ہوئی۔

مثال کے طور پر، پروٹسٹنٹ مصلح کیلون نے اعلان کیا کہ ’(ہمیں) پوری طرح یقین ہے کہ انبیاء نے اپنی تجویز کے بارے میں بات نہیں کی، بلکہ، روح القدس کے اعضاء ہونے کے ناطے، وہ صرف وہی بولتے ہیں جو آسمان سے ان کے سپرد کیا گیا تھا۔‘

وہ ‘حکمِ الہٰی’ اس خیال سے منسلک تھا کہ بائبل غلطیوں کے بغیر تھی، کیونکہ الفاظ خدا کی طرف سے لکھے گئے تھے۔

یہ عام طور پر عیسائی تاریخ کے پہلے 1,700 سالوں میں فرض کیا گیا تھا لیکن 18ویں صدی کے آغاز میں، تاریخ اور سائنس دونوں نے بائبل کی سچائی پر شک کرنا شروع کر دیا۔

جسے کبھی حقیقت سمجھا جاتا تھا اسے افسانہ سمجھا جانے لگا۔

صحیفے میں کسی بھی قسم کی غلطی کا ناممکن ہونا 20ویں صدی کی تحریک میں سب سے آگے ایک نظریہ بن گیا جسے بنیاد پرستی کے نام سے جانا جاتا ہے۔

2: مصنفین پر الہامی اثرات: قدامت پسندوں کا نظریہ

بائبل، فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

بائبل ایک حکمِ الٰہی ہے اس نظریہ کا متبادل یہ دیا گیا کہ یہ کتاب مصنفین کو آنے والے الٰہی الہام کا نتیجہ ہے۔

اس نظریے کے مطابق بائبل کی تحریر خدا اور انسان دونوں کے تعاون سے لکھی گئی۔ لہٰذا، یہ براہِ راست الفاظ نہیں تھے بلکہ مصنفین کو خدا نے متاثر کیا تھا۔

اس نظریے کے دو ورژن ہیں، جو اصلاح سے متعلق ہیں۔

قدامت پسندوں کے مطابق جسے پروٹسٹنٹ ازم کی طرف سے حمایت ملی وہ یہ ہے کہ اگرچہ بائبل انسانوں کی طرف سے لکھی گئی تھی تاہم خدا اس عہد میں ایک غالب قوت تھا۔

پروٹسٹنٹ کا خیال تھا کہ خدا کی حاکمیت انسانی آزادی پر غالب ہے۔

لیکن یہاں تک کہ اصلاح پسندوں، لوتھر اور کیلون نے بھی تسلیم کیا کہ بائبل کی کہانیوں کے اندر موجود تغیرات کو انسانی عمل سے منسوب کیا جا سکتا ہے۔

کیتھولک الہی حاکمیت سے بڑھ کر انسانی آزادی کو تسلیم کرنے کے لیے زیادہ مائل تھے۔

کچھ لوگوں کا خیال ہے کہ یہ انسانی تصنیف داؤ پر لگی ہوئی تھی اور خدا صرف اسے غلطیوں سے بچانے کے لیے مداخلت کرتا ہے۔

مثال کے طور پر، 1625 میں، جیکس بونفریری نے کہا کہ روح القدس نے ‘حکم دے کر نہیں، بلکہ لکھتے وقت ان پر نظر رکھ کر انھیں غلطی کرنے سے روکا۔’

1620 کی دہائی کے اوائل میں، آرچ بشپ آف سپلٹ، مارکو انتونیو ڈی ڈومینس، تھوڑا مزید آگے بڑھے۔

انھوں نے بائبل کے ان حصوں میں فرق بتایا جو خدا کے ذریعہ مصنفین پر نازل ہوئے اور جو نہیں ہوئے تھے۔ ان کی رائے میں دوسرے معاملے میں غلطیاں ہو سکتی ہیں۔

اس کے نظریے کی تائید تقریباً 200 سال بعد جان ہنری نیومین نے کی، جنھوں نے چرچ آف انگلینڈ میں آکسفورڈ تحریک کی قیادت کی اور بعد میں رومن کیتھولک چرچ میں کارڈینل بن گئے۔

نیومین نے استدلال کیا کہ بائبل کی کتابیں خدا کی طرف سے الہامی طور پر لکھی گئی تھیں لیکن بعد میں ان میں انسانی اضافے کیے گئے۔

دوسرے لفظوں میں، بائبل ایمان اور اخلاق کے معاملات سے متاثر تھی لیکن سائنس اور تاریخ کے معاملات سے نہیں۔

بعض اوقات اس قدامت پسند نظریہ کو ‘حکمِ الہی’ سے الگ کرنا مشکل ہوتا ہے۔

بائبل، فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

3: مصنفین پر الہامی اثرات: لبرل ورژن

19ویں صدی کے دوران، پروٹسٹنٹ اور کیتھولک دونوں حلقوں میں، قدامت پسند نظریے کو زیادہ آزاد خیال نظریہ سے پیچھے چھوڑ دیا گیا۔

بائبل کے مصنفین خدا سے متاثر تھے، لیکن ان کی تحریروں کا تعیّن اُن ثقافتی سیاق و سباق سے ہوتا تھا جس دور میں انھوں نے یہ سب لکھا تھا۔

اس نقطہ نظر میں عیسائیوں کے لیے بائبل کی خصوصی حیثیت کو تسلیم کیا جاتا ہے تاہم یہ غلطیوں سے مبرا نہیں۔

مثال کے طور پر، 1860 میں اینگلیکن ماہرِ الہیات بینجمن جویٹ نے اعلان کیا ‘الہام کا کوئی بھی سچا نظریہ تاریخ یا سائنس کے تمام اچھی طرح سے تصدیق شدہ حقائق کے مطابق ہونا چاہیے۔’

جویٹ کے لیے، سائنس یا تاریخ کی دریافتوں کے سامنے بائبل کی سچائی سے چمٹے رہنا مذہب کے لیے نقصان دہ تھا۔

1868 میں، ایک قدامت پسند کیتھولک چرچ نے زیادہ آزاد خیال کو مسترد کر دیا اور اعلان کیا کہ خدا ہی بائبل کا براہ راست مصنف ہے۔

پہلی ویٹیکن کونسل نے اعلان کیا کہ دونوں پرانے اور نئے عہد نامے ‘روح القدس کے الہام سے لکھے گئے تھے اور خدا ان کا مصنف ہے۔’

بائبل، فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

4: لوگوں نے اسے خدائی مدد کے بغیر لکھا

زیادہ آزاد خیال عیسائی حلقوں کے اندر، 19ویں صدی کے آخر تک یہ تصور کہ بائبل ‘الہامی کتاب’ تھی، پہلے ہی اپنی صداقت کھو چکی تھی۔

لبرل عیسائی بائبل کی تاریخی یا سائنسی درستگی یا ناقص ہونے سے متعلق سوالات کو نظر انداز کرنے میں شاید اپنے سیکولر ساتھیوں کے ساتھ شامل ہونے لگے۔

اس خیال کو قبول کیا جانے لگا کہ بائبل انسانی پیداوار ہے۔ اور یہ سوال کہ اسے کس نے لکھا ہے؟ اس کا موازنہ کسی دوسرے قدیم متن کی تصنیف سے متعلق سوالات سے کیا جا سکتا ہے۔

‘بائبل کس نے لکھی؟’ کا آسان جواب یہ تھا کہ یہ بائبل میں نامزد مصنفین تھے (مثال کے طور پر، میتھیو، مارک، لیوک اور یوحنا – چار اناجیل کے مصنفین)۔

لیکن بائبل کی تصنیف کا خیال پیچیدہ اور مشکل ہے، جیسا کہ عام طور پر قدیم متنوں کا تاریخی مطالعہ ہے۔

عہد نامہ قدیم کی 39 کتابوں کا مواد وہی ہے جو یہودی عبرانی بائبل کی 24 کتابوں کا ہے۔

جدید عہد نامہ قدیم کے مطالعے کے اندر، اب یہ عام طور پر قبول کیا جاتا ہے کہ کتابیں کسی ایک مصنف نے تیار نہیں کی تھیں بلکہ یہ طویل اور بدلتی ہوئی تاریخوں کا نتیجہ تھیں۔

تصنیف، اس کے بعد عام طور پر کسی ایک مصنف سے منسوب نہیں ہوتی، بلکہ متعدد مصنفین ، ایڈیٹرز، اور ریڈیکٹرز کے ساتھ متن کے متعدد مختلف ورژن بھی شامل ہوتے ہیں۔

نئے عہد نامہ کے ساتھ بھی کچھ ایسا ہی ہوتا ہے۔

اگرچہ 13 خطوط سینٹ پال سے منسوب ہیں، لیکن ان میں سے سات کی تصنیف کے بارے میں شکوک و شبہات ہیں۔

باقی کئی خطوط کی روایتی تصنیف پر بھی تنازعات ہیں۔

مکاشفہ کی کتاب روایتی طور پر یوحنا سے منسوب کی گئی تھی، جو یسوع کے شاگرد تھے۔ لیکن اب یہ مان لیا گیا ہے کہ وہ اس کے مصنف نہیں تھے۔

روایتی طور پر، چار انجیلوں کے مصنفین کے بارے میں خیال کیا جاتا تھا کہ وہ رسول میتھیو، یوحنا، مارک (یسوع کے شاگرد پطرس کے ساتھی) اور لوقا (پال کے ساتھی، جنہوں نے پہلی صدی میں یونانی-رومن دنیا میں عیسائیت کو پھیلایا) تھے۔

لیکن گمنام طور پر لکھی گئی انجیلیں دوسری اور تیسری صدی تک ان شخصیات سے منسوب نہیں کی گئیں۔

انجیل کی تخلیق کی تاریخیں یہ بھی بتاتی ہیں کہ وہ یسوع کے ہم عصروں نے نہیں لکھیں۔

سب سے قدیم انجیل، مارک (65-70 AD)، یسوع کی وفات (29-34 AD) کے تقریباً 30 سال بعد لکھی گئی۔ آخری انجیل یوحنا (90-100 عیسوی) عیسیٰ کی وفات کے 60 سے 90 سال کے درمیان لکھی گئی۔

یہ واضح ہے کہ انجیل مارک کے مصنف نے ابتدائی کلیسیا میں یسوع کی زندگی اور تعلیمات کے بارے میں گردش کرنے والی روایات پر روشنی ڈالی اور انھیں ایک قدیم سوانح حیات میں مرتب کیا۔

جبکہ مارک کی انجیل نے میتھیو اور لوقا کے مصنفین کے لیے بنیادی ماخذ کے طور پر کام کیا۔

مختصر یہ کہ انجیل کے بہت سے (نامعلوم) مصنفین تھے۔

دلچسپ بات یہ ہے کہ متن کا ایک اور مجموعہ جسے ایپوکریفا کے نام سے جانا جاتا ہے، پرانے اور نئے عہد نامے کے درمیان (400 قبل مسیح سے پہلی صدی عیسوی تک) کے دوران لکھے گئے تھے۔

کیتھولک چرچ اور مشرقی آرتھوڈوکس عیسائی روایات انھیں بائبل کا حصہ مانتی ہیں لیکن پروٹسٹنٹ گرجا گھر انھیں مستند کتابیں نہیں مانتے۔

بائبل، فائل فوٹو

،تصویر کا ذریعہGetty Images

الہامی یا انسانی: اس سے فرق کیوں پڑتا ہے؟

یہ سوال ہے کہ بائبل کس نے لکھی ہے اس لیے اہم ہے کہ عیسائیوں کا ماننا ہے کہ بائبل محض انسانی تخلیق نہیں ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ یہ ایک ایسی عبارت ہے جو الہامی طور پر لکھی گئی تھی اس کا ماورائی معنی ہے۔

اس طرح، یہ مسیحیوں کو ایک حتمی سمجھ دیتا ہے کہ دنیا کیسی ہے، تاریخ کا کیا مطلب ہے اور انسانی زندگی کیسے گزارنی چاہیے۔

یہ اہمیت رکھتا ہے کیونکہ بائبل کا عالمی نظریہ معاشی، سماجی اور ذاتی طرز عمل کی پوشیدہ وجہ ہے۔

یہ ہمیشہ کی طرح امن اور تنازع دونوں کا ایک اہم ذریعہ ہے۔

یہ اس لیے بھی اہم ہے کہ بائبل مغربی تہذیب میں کتابوں کا سب سے اہم مجموعہ ہے۔

’فلپ سی ایلمنڈ یونیورسٹی آف کوئنز لینڈ، آسٹریلیا میں مذہبی فکر کی تاریخ کے پروفیسر ایمریٹس ہیں۔’

SOURCE : BBC