SOURCE :- BBC NEWS

پھلوں سبزیوں میں کم پایا جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

  • مصنف, لارا ٹلٹ
  • عہدہ, بی بی سی
  • 34 منٹ قبل

زنک یا جِست ہمارے لیے ایک ضروری معدنیات ہے۔ ہر شخص کو صحت مند رہنے کے لیے اس کی ضرورت ہے، چاہے کم مقدار میں ہی کیوں نہ ہو۔

دیگر معدنیات کی طرح انسانی جسم زنک نہیں بناتا اس لیے اسے خوراک کے ذریعے حاصل کیا جاتا ہے۔

تو آپ یہ کیسے یقینی بنا سکتے ہیں کہ آپ کو کافی مقدار میں زنک مل رہا ہو اور اگر آپ ایسا نہیں کرتے تو کیا ہو سکتا ہے؟

جسم میں زنک زیادہ مقدار میں ذخیرہ نہیں ہوتا اور اسی اس لیے زنک کی سطح کو برقرار رکھنے کے لیے آپ کو اپنے کھانے پر خاص توجہ دینے کی ضرورت ہے۔

انسانی جسم کو زنک کی ضرورت کیوں؟

زنک ہماری صحت کے لیے کئی طرح سے ضروری ہے۔ جسم میں تین سو سے زیادہ انزائمز ہوتے ہیں جن کا انحصار زنک پر ہوتا ہے۔ یہ انزائمز وہ پروٹین ہیں جو کیمیائی ردعمل کو تیز کرنے میں مدد کرتے ہیں۔

زنک پروٹین اور کاربوہائیڈریٹس کے ہاضمے سے لے کر ڈی این اے کی تشکیل تک جسم کے بہت سے اہم کاموں میں شامل ہے۔ یہ کیلشیم اور دیگر معدنیات کو ہڈیوں کی ساخت میں شامل ہونے میں مدد کرتا ہے اور ہڈیوں کی نشوونما میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔

زنک اینٹی آکسیڈنٹ کے طور پر بھی کام کرتا ہے۔ یہ آپ کے مدافعتی نظام کو عام طور پر کام کرنے میں مدد کرتا ہے جبکہ خلیات کو نقصان سے بچاتا ہے۔

زنک تولیدی عمل کے لیے بھی ضروری ہے۔ خواتین میں یہ انڈے کی نشوونما میں کردار ادا کرتا ہے جبکہ مردوں میں یہ سپرم کی تشکیل اور اس کی رفتار میں مدد کرتا ہے۔

بچوں میں یہ دماغ اور اعصابی نظام کے فروغ اور نشوونما میں مدد کرتا ہے۔

زکام کے بارے میں کوئی حطمی نتیجہ سامنے نہیں آیا

،تصویر کا ذریعہGetty Images

کیا زنک واقعی نزلہ اور زکام سے لڑنے میں مددگار ہے؟

زنک جسم کے مدافعتی نظام میں اہم کردار ادا کرتا ہے۔ یہ 1980 کی دہائی سے زکام کی دوائیوں میں ایک عام جزو رہا ہے۔ اس وقت کیے گئے مطالعات سے پتہ چلتا ہے کہ یہ زکام کے وائرس کے پھیلاؤ کو روک سکتا ہے۔

لیکن حالیہ تحقیق سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ زنک نزلہ زکام کو روکنے کے بجائے اس کی مدت کو کم کرنے میں زیادہ موثر ہے۔

30 سے زائد مطالعات کے جائزے میں اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ملا کہ زنک نزلہ زکام کو روک سکتا ہے لیکن کچھ مطالعات بتاتے ہیں کہ اگر اسے جلد لیا جائے تو یہ نزلہ زکام کا دورانیہ ایک سے دو دن تک کم کر سکتا ہے۔

تاہم، ماہرین زنک کی قسم، اس کی خوراک اور استعمال کے وقت میں فرق کی وجہ سے ان نتائج کو حتمی نہیں سمجھتے۔

زنک کے کچھ ضمنی اثرات بھی ہیں۔ ضرورت سے زیادہ خوراک لینے سے پیٹ کے مسائل، الٹی اور منہ میں دھاتی ذائقہ بھی پیدا ہو سکتا ہے۔

دالوں اور ہول گرین میں یہ زیادہ پایا جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

زنک کی کتنی ضرورت ہے؟

برطانیہ میں بالغوں کے لیے زنک کی روزانہ کی تجویز کردہ مقدار مردوں کے لیے 9.5 ملی گرام اور خواتین کے لیے 7 ملی گرام ہے۔

دودھ پلانے والی خواتین کو دودھ پلانے کے پہلے چار مہینوں کے دوران روزانہ اضافی 6 ملی گرام اور اس کے بعد اضافی 2.5 ملی گرام کی ضرورت ہوتی ہے۔

گوشت میں سب سے زیادہ زنک پایا جاتا ہے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

کن غذاؤں میں زنک ہوتا ہے؟

وہ غذائیں جو زنک کے اچھے ذرائع ہیں ان کا یہاں ذکر کیا جا رہا ہے۔

  • گوشت
  • مٹر، پھلیاں اور دال
  • گری دار میوے اور بیج
  • اناج اور براؤن چاول
  • انڈے
  • ڈیئری پروڈکٹس

پھلوں اور سبزیوں میں بہت سے وٹامنز اور منرلز ہوتے ہیں لیکن ان میں زنک کی مقدار کم ہوتی ہے۔ گوشت خور کھانے سے حاصل ہونے والا زنک ‎سبزی خور کھانے سے حاصل ہونے والے زنک سے بہتر ہے

اس کی وجہ یہ ہے کہ پودوں پر مبنی کھانے میں فائٹیٹس (ذخیرہ شدہ فاسفورس کی ایک شکل) بھی ہوتی ہے۔ یہ آنت میں زنک سے چپک جاتے ہیں اور بدن میں اس کے جذب ہونے کے عمل کو روکتے ہیں۔

زنک کا حصول کھانے کی مختلف اشیا ہیں

،تصویر کا ذریعہGetty Images

تحقیق سے پتہ چلتا ہے کہ جو لوگ سبزی خور ہیں ان میں زنک کی سطح کم ہوتی ہے۔

پودوں کی خوراک تیار کرنے کے کچھ طریقے ہیں جو زنک کے جذب کو بہتر بنانے میں بھی مدد کر سکتے ہیں۔ پھلیوں اور اناج کو بھگونے سے ان میں فائیٹیٹ کی مقدار کم ہو سکتی ہے۔ یہ انھیں ابال کر بھی حاصل کیا جا سکتا ہے۔

اس کا مطلب ہے کہ خمیری روٹی عام چپاتی کے مقابلے زنک کا بہتر ذریعہ ہے۔

ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن کا اندازہ ہے کہ دنیا کی 30 فیصد آبادی زنک کی کمی کے خطرے سے دوچار ہے۔

سپلیمنٹس کے بارے میں کیا خیال ہے؟

اگر آپ زنک سپلیمنٹس لینے کا انتخاب کرتے ہیں، تو یہ ضروری ہے کہ آپ اسے زیادہ مقدار میں نہ لیں۔ برطانیہ کے صحت کے ادارے این ایچ ایس کی تجویز ہے کہ آپ یومیہ 25 ملی گرام سے زیادہ زنک نہ لیں۔

SOURCE : BBC