SOURCE :- BBC NEWS
- مصنف, سمیع چوہدری
- عہدہ, کرکٹ تجزیہ کار
-
2 گھنٹے قبل
ویسٹ انڈین بلے بازوں کو وہ راہ اپنانے کی ذرا ضرورت نہ تھی جو ان کے عزائم کا انہدام بن جاتی۔ اگر وہ یہاں ذرا رکنے کی سوچ لے کر آتے تو میچ پر اپنی گرفت بحال کر سکتے تھے مگر کریگ براتھویٹ کے بلے بازوں کا خیال کچھ مختلف تھا۔
جیسے سعود شکیل اور محمد رضوان نے اپنے تدبر سے لڑکھڑاتی پاکستانی بیٹنگ لائن کے آگے بند باندھا، وہ نہ صرف پاکستان کی ڈوبتی امیدوں کا آسرا بن گیا بلکہ اس نے ویسٹ انڈین کپتان کو بھی اپنی حکمتِ عملی پر الجھا چھوڑا۔
جن عجیب و غریب ’سائنسی‘ تجربات سے گزر کر ملتان کی یہ پچ ظہور پذیر ہوئی، ان کے سبب یہ تو عین متوقع تھا کہ یہاں بیٹنگ مجموعے خاصے مختصر رہیں گے جبکہ سپنرز اپنی بولنگ سے خوب لطف اندوز ہوں گے۔
مگر یہ نتیجہ تو شاید اس پچ کے اپنے ’سائنسدانوں‘ کے بھی گمان میں نہ تھا کہ پہلی ہی گیند سے یہ ایسا ’شارپ ٹرن‘ لینے لگے گی کہ صرف بلے باز ہی نہیں، بولرز اور امپائرز تک حیرت میں پڑ جائیں گے۔
ٹاس ہارنے کے باوجود براتھویٹ کے پاس موقع تھا کہ اپنی حکمتِ عملی فوری طور پر، پچ کے اس نئے رویے کے پیشِ نظر، تبدیل کرتے مگر وہ اسی ڈگر پر چلتے چلے گئے جو میدان میں اترنے سے پہلے وہ اپنے تھنک ٹینک سے طے کر کے آئے تھے۔
جن پچز میں باؤنس اس قدر کم ہو اور ٹرن ایسا غیر معمولی، وہاں یہ جنرل نالج کیونکر کسی کپتان کے ذہن سے اوجھل رہ سکتا ہے کہ سیمرز کی نسبت سپنرز کہیں زیادہ موثر ثابت ہوں گے؟
بلاشبہ جیڈن سیلز نے ابتدائی سپیل میں دھیمے باؤنس اور پچ کے کھردرے پن سے غیر معمولی سیم موومنٹ حاصل کرتے ہوئے پاکستانی ٹاپ آرڈر کے خواب تشنہ کر چھوڑے مگر دوسری جانب جو پیس ان کی بدولت پاکستانی بلے بازوں کے سٹروکس کو میسر ہوئی، وہ گیند کی نئی سیم اور چمک گھٹا گئی۔
جیسے پہلی اننگز کے پہلے پندرہ اوورز میں ہی ویسٹ انڈین بولنگ پاکستانی تھنک ٹینک کو اس کے اپنے بچھائے جال میں پھنسا چکی تھی، اگلے بیس اوورز میں شاید پوری اننگز کا قصہ ہی تمام کر جاتی مگر تب تک رضوان اور سعود شکیل کے ہنر کا توڑ کرنے کو سیم کی وہ کاٹ دستیاب نہ رہی تھی جو پہلے دن کی تازہ پچ پر قسمت کے فیصلے مقدم کر سکتی۔
جوں جوں رضوان اور سعود شکیل کے تجربہ کار پاؤں کریز سے نکلنے لگے، کریبئین سپنرز کے نو آموز ہاتھ پھولنے لگے۔ نہ صرف ان کی لینتھ گڑبڑا گئی بلکہ ڈسپلن بھی منتشر ہونے لگا۔
نوآموز کریبئین سپنرز یہ بھی سمجھنے سے قاصر رہے کہ اس سست پچ پر کامیابی کے لیے گیند کی رفتار میں کمی لانا ضروری تھا مگر انھوں نے سیم کی ماندگی کا ازالہ اپنی رفتار اور فلائٹ میں اضافے سے کرنے کی کوشش کی اور خود اپنی ہی حکمتِ عملی کا ہدف بن رہے۔
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
سعود شکیل اور محمد رضوان کی ساجھے داری نہ صرف پاکستان کا کھاتہ مضبوط کر گئی بلکہ کریبئین بولرز کے ساتھ ساتھ ان کے بلے بازوں پر بھی بوجھ بڑھا گئی جنھیں اپنی تمام تر ناتجربہ کاری کے باوجود اس سست پچ پر ساجد خان اور نعمان علی کی مشاق انگلیوں کا سامنا درپیش تھا۔
جہاں ویسٹ انڈین سپنرز کا انحصار فلائٹ اور آف سٹمپ کے باہر جارحانہ لائن پر رہا، وہاں ساجد خان اور نعمان علی نے سٹمپس چینل کے اندر وہ ڈسپلن اپنایا جو رفتار اور فلائٹ کی کمی کے سبب اور زیادہ مہلک ہو گیا۔
گو اس تجربے کے جواب میں براتھویٹ کے بلے باز وہ راہ بھی اپنا سکتے تھے جہاں کچھ دیر کریز پر رک کر سیم پرانی ہونے کا انتظار کیا جاتا اور ساجھے داریاں جوڑ کر دھیرے دھیرے وہ خسارہ چکایا جاتا جو رضوان اور سعود ان کے سر لاد گئے تھے۔
مگر کریبئین بلے بازوں نے جارحیت کی راہ اپنائی اور ٹرن کے الٹ کھیلنے کی وہ پالیسی اختیار کی جو بجائے خود پاکستانی سپنرز کی پہلی خواہش تھی۔
ویسٹ انڈین مشکلات اس امر سے بھی بڑھ گئیں کہ اپنے حریف کپتان کے برعکس شان مسعود نے ایک ہی اوور بعد گیند خرم شہزاد سے واپس لے کر نعمان علی کو تھما دی تاکہ یہ اپنی کاٹ کھونے کی بجائے سپنرز کے ہنر کا اوزار بن سکے۔ دونوں کناروں سے پاکستانی سپنرز قہر برسا رہے تھے مگر معاملہ فہمی سے بھی اس قہر کا مقابلہ کیا جا سکتا تھا۔
گو، حسبِ توقع پندرہ اوورز بعد وہ مرحلہ آیا جہاں گیند کی کاٹ ماند پڑی اور جومیل واریکن و گڈاکیش موتی کی شراکت نے ویسٹ انڈین امیدوں کو مکمل انہدام سے بچا لیا مگر پہلے روز کی بولنگ حکمت عملی اور دوسری سہہ پہر کی بیٹنگ سٹریٹجی انھیں وہاں لا کھڑا کیا، جہاں سے میچ میں تکریم کے سبھی راستے ان پر بند ہوتے دکھائی دیتے ہیں۔
SOURCE : BBC