SOURCE :- BBC NEWS
- مصنف, حفضہ خلیل
- عہدہ, بی بی سی نیوز
-
2 گھنٹے قبل
ایک نئی تحقیق میں یہ دعوی کیا گیا ہے کہ کافی پینے کے اوقات اس بات کا تعین کرتے ہیں کہ کسی شخص میں جلد موت کا خطرہ کم ہو سکتا ہے۔
اس تحقیق کے مطابق، جو یورپیئن ہارٹ جرنل میں شائع ہوئی ہے، صبح کے وقت کافی پینے والے افراد میں دل کی بیماریوں سے موت کا خطرہ ان افراد کے مقابلے میں کم ہو جاتا ہے جو سارا دن کافی پیتے ہیں۔
تاہم تحقیق میں یہ بات ثابت نہیں ہو سکی کہ اس کی وجہ صرف کافی کا استعمال ہی تھا۔
اس تحقیق کے سربراہ ٹیلان یونیورسٹی میں موٹاپے پر تحقیق کے مرکز کی ڈائریکٹر ڈاکٹر لو ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اگرچہ ان کی تحقیق یہ ثابت نہیں کرتی کہ صبح کے وقت کافی پینے سے یہ خطرہ کم کیوں ہو جاتا ہے تاہم اس کی ایک وضاحت یہ ہو سکتی ہے کہ دن میں کافی کا استعمال انسانی جسم کی اندرونی گھڑی کو متاثر کر سکتا ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ اس معاملے پر ابھی اور تحقیق کی ضرورت ہے تاکہ اس بات کا جائزہ لیا جا سکے کہ کافی پینے کا وقت بدلنے سے کیا اثرات مرتب ہوتے ہیں۔
’یہ تحقیق ہمیں یہ نہیں بتاتی کہ صبح کافی پینے سے دل کی بیماریوں سے موت کا خطرہ کیوں کم ہوتا ہے۔‘
’اس کی وجہ یہ ہو سکتی ہے کہ دوپہر یا شام میں کافی پینے سے ہارمونز کی مقدار، جیسا کہ میلاٹونن، کے علاوہ جسم میں 24 گھنٹے کے رویے کا مربوط نظام متاثر ہو سکتا ہے۔ اور اس کی وجہ سے بلڈ پریشر اور دیگر تبدیلیاں ممکن ہوتی ہیں جو دل کی بیماریوں کے خطرات میں اضافہ کر دیتی ہیں۔‘
واضح رہے کہ اس تحقیق میں 40 ہزار سے زیادہ افراد کا جائزہ لیا گیا جنھوں نے 1999 سے 2018 تک امریکہ میں ایک قومی سروے میں حصہ لیا تھا۔
ان افراد سے ان کی روزانہ کی خوراک کے معمول کے بارے میں تفصیلات حاصل کی گئی تھیں کہ وہ کیا کھاتے ہیں اور کس وقت خوراک لیتے ہیں۔
ڈاکٹر لو کے مطابق ’کیفین کے جسم پر پڑنے والے اثرات کی وجہ سے ہم جاننا چاہتے تھے کہ کیا کافی پینے کے اوقات جسمانی صحت پر اثرانداز ہوتے ہیں؟‘
ماضی میں ہونے والی تحقیق سے یہ بات ثابت ہوئی ہے کہ متعدل مقدار میں کافی کے مثبت اثرات ہوتے ہیں تاہم ڈاکٹر لو کے مطابق ’یہ پہلی تحقیق ہے جس میں کافی پینے کے اوقات کا صحت پر اثر جانچا گیا۔‘
بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں
سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں
مواد پر جائیں
تحقیق کے مطابق 36 فیصد افراد جن کا جائزہ لیا گیا، وہ صبح کے وقت کافی پیتے تھے جبکہ 14 فیصد سارا دن کافی کا استعمال کرتے تھے۔
ڈاکٹر لو اور ان کی ٹیم نے ایک دہائی تک ان افراد کا جائزہ لیا اور ان کے ریکارڈ کے ساتھ ساتھ ان کی اموات کی وجوہات بھی جانیں۔ دس سال کے دورانیے میں تحقیق میں شامل 4295 افراد کی موت ہوئی جن میں 1200 سے زیادہ اموات دل کے امراض کی وجہ سے ہوئیں۔
محققین نے یہ جانا کہ صبح کے وقت کافی پینے والے افراد میں موت کا خطرہ ان افراد کے مقابلے میں 16 فیصد کم تھا جو بلکل کافی نہیں پیتے جبکہ دل کی بیماری سے موت کا خطرہ 31 فیصد کم تھا۔
دوسری جانب باقی دن میں کافی پینے والے افراد کا جب ایسے افراد سے موازنہ کیا گیا جو کافی بلکل نہیں پیتے تو خطرات میں کوئی کمی نہیں دیکھی گئی۔
اس تحقیق کے ساتھ ہی شائع ہونے والی تحریر میں لندن کے پروفیسر تھامس لوشر نے لکھا کہ ’دن کا وقت کیوں اہم ہے؟‘
وہ لکھتے ہیں کہ ’صبح کے وقت جب ہم بستر سے نکلتے ہیں تو جسم کو الرٹ کرنے والی سرگرمی میں اضافہ ہوتا ہے، جو باقی دن میں کم ہوتا جاتا ہے اور رات کو سونے کے وقت کم ترین سطح پر پہنچ جاتا ہے۔‘
پروفیسر تھامس کے مطابق ’یہ ممکن ہے کہ باقی دن میں کافی پینے سے جسم کا اندرونی نظام متاثر ہو جاتا ہو جب کہ ہمیں اس وقت آرام کی ضرورت ہوتی ہے۔‘
وہ وضاحت کرتے ہیں کہ ’سارا دن کافی پینے والوں کی نیند متاثر ہو جاتی ہے اور یہ دلچسپ بات ہے کہ کافی میلاٹونن کو دباتی ہے، جو دماغ میں نیند سے جڑی اہم شے ہے۔‘
SOURCE : BBC