SOURCE :- BBC NEWS

روچی، ایشوریا

،تصویر کا ذریعہGetty Images/IG

  • مصنف, تابندہ کوکب
  • عہدہ, بی بی سی اردو ڈاٹ کام
  • 34 منٹ قبل

فرانس میں ہونے والے بین الاقوامی فلمی میلے کانز میں ہر سال ہی انٹرٹینمنٹ انڈسٹری کے ستارے اپنے لباس، فلم یا کسی انداز کی وجہ سے سرخیوں میں جگہ بنا ہی لیتے ہیں جبکہ پچھلے کچھ عرصے سے غیر معروف شخصیات بھی کسی نہ کسی وجہ سے اس میلے کی رونقوں میں جگہ بنا رہی ہیں۔

رواں برس انڈیا کی نسبتاً غیر معروف اداکارہ و ماڈل نے شہہ سرخیوں میں جگہ بنائی ہے اور وجہ ان کا لباس یا فلم نہیں بلکہ ان کے گلے میں لٹکتا ہار تھا۔

انڈین اداکارہ روچی گجر نے 2025 میں کانز میں ریڈ کارپٹ پر قدم رکھا تو انھوں نے سنہری لہنگا پہنا ہوا تھا جس میں انڈین دستکاری کو اجاگر کیا گیا تھا لیکن ان کے روایتی راجھستانی لباس و انداز کے بجائے ان کے گلے میں موجود کندن کے ہار نے لوگوں کو پلٹ کر ان کی جانب دیکھنے پر مجبور کر دیا۔

وجہ تھی موتیوں سے سجے کندن کے اس ہار پر لٹکتی نریندر مودی کی تین تصویریں۔

روچی نے اپنی تصاویر سوشل میڈیا سائٹ انسٹا گرام پر پوسٹ کرتے ہوئے لکھا کہ ’میں نے 78 ویں کانز فلم فیسٹیول 2025 میں اپنے ملک اور ثقافت کی نمائندگی کرنے پر فخر محسوس کیا۔ کانز میں یہ بین الاقوامی موقع حاصل کرنے پر میں واقعی خوش قسمت محسوس کر رہی ہوں۔‘

روچی گجر اداکارہ اور ماڈل تو ہیں ہی لیکن اس کے علاوہ وہ مس ہریانہ 2023 بھی رہ چکی ہیں لیکن کانز میں صرف روچی گجر کا ہار (لاکٹ) ہی نہیں بلکہ ایشوریہ رائے کی مانگ بھی توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہی۔

ایشوریہ رائے نے ریڈ کارپٹ پر سفید ساڑھی پہنی اور مانگ میں سندور بھی لگایا۔

یاد رہے کہ انڈیا کے زیرِ انتظام کشمیر کے علاقے پہلگام میں 26 سیاحوں کی ہلاکت کے بعد مودی حکومت کی جانب سے اس کا الزام پاکستان پر عائد کرتے ہوئے چھ اور سات مئی کی درمیانی شب پاکستان کے نو مقامات پر فضائی حملے کیے گئے تھے۔ اس کارروائی کو’ آپریشن سندو‘ر کا نام دیا گیا تھا۔

یاد رہے کہ پہلگام حملے میں ہلاک ہونے والے تمام 26 افراد مرد تھے۔ مرنے والوں میں نئے شادی شدہ جوڑوں کے مرد بھی شامل تھے۔ اسی تناظر میں اس آپریشن کا نام ’سندور‘ رکھنے کو معنی خیز قرار دیا جا رہا تھا۔

’سب ٹھیک لگ رہا تھا جب تک میری نظر مودی کی تصویر پر نہیں پڑی‘

روچی گجر

،تصویر کا ذریعہ@ruchigujjarofficial/instagram

مواد پر جائیں

بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر
بی بی سی اردو اب واٹس ایپ پر

بی بی سی اردو کی خبروں اور فیچرز کو اپنے فون پر حاصل کریں اور سب سے پہلے جانیں پاکستان اور دنیا بھر سے ان کہانیوں کے بارے میں جو آپ کے لیے معنی رکھتی ہیں

سبسکرائب کرنے کے لیے کلک کریں

مواد پر جائیں

روچی گجر کی جانب سے گلے کے ہار پر نریندر مودی کی تصویر لگانے کے عمل کو خود انڈین سوشل میڈیا صارفین سمجھ نہیں پائے۔

ان کی انسٹا گرام پوسٹ پر بظاہر ان کے مداح اور وزیر اعظم مودی کے چاہنے والے تو بہت خوش ہیں اور انھیں داد دیتے نظر آتے ہیں تاہم فیشن اور انٹرٹیمنٹ انڈسٹری سے وابستہ لوگ اور سوشل میڈیا صافین قدرے حیران ہیں اور ان کا خیال ہے کہ ایسا کچھ انھوں نے پہلے کبھی نہیں دیکھا۔

سیفالی نامی صارف کا ردِ عمل تھا کہ ’سب کچھ ٹھیک لگ رہا تھا جب تک میری نظر مودی کی تصویر پر نہیں پڑی۔‘

ارمی نامی صارف نے کہا ’لباس اور باقی سب ٹھیک تھا لیکن ہار پر یہ تصویر۔ معذرت لیکن وہ بہت عجیب ہے۔‘

ڈاکٹر سوہای کور کی نظر میں روچی گجر کے لیے ایسا کرنا مستقبل میں فائدہ مند ہو سکتا ہے۔ انھوں نے طنز کرتے ہوئے لکھا کہ ’اگلا پدم شری یا رکنِ پارلیمان کا ٹکٹ ان کو ہی دیا جائے گا۔‘

دوسری جانب ایشوریہ رائے کی سفید ساڑھی اور مانگ میں سندور کو سوشل میڈیا صارفین ’سیاسی پیغام‘ سے جوڑ رہے ہیں۔

واضح رہے کہ ایشوریہ رائے گذشتہ 23 سال سے کانز فلم فیسٹیول میں شرکت کر رہی ہیں اور یہ پہلا موقع ہے کہ انھوں نے مانگ میں سندور لگایا۔

ایکس پر ایک صارف نے تو صاف صاف لکھا ’اس مرتبہ خاص چیز ان کا لباس، میک اپ یا یہاں تک کہ ان کی حیرت انگیز خوبصورتی نہیں تھی بلکہ پہلگام کے متاثرین کے لیے ایک واضح خراج عقیدت تھا اور ہماری مسلح افواج کے لیے ان کی حمایت۔‘

ایک اور صارف نے ایشوریہ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا کہ ’انھوں نے چیخ چیخ کر اپنے خیالات کا اظہار نہیں کیا، انھیں شہرت کے لیے مقابلہ نہیں کرنا لیکن وہ یقیناً انتہائی باوقار انداز میں جرات مندانہ بیان دینا جانتی ہیں۔‘

ایشوریہ رائے

،تصویر کا ذریعہGetty Images

انٹرٹینٹمنٹ کی دنیا میں فرانس کے شہر کانز میں منعقد ہونے والے فلم فیسٹیول کو انتہائی اہمیت کی نظر سے دیکھا جاتا ہے جہاں دنیائے انٹرٹینمنٹ کی تقریباً تمام اہم شخصیات جمع ہوتی ہیں۔

کانز فلمی میلے میں دنیا بھر کی بہترین فلموں کو نمائش کی دعوت دی جاتی ہے جن میں سے بعض میلے میں مقابلہ کا حصہ ہوتی ہیں تو بعض فلموں کی خصوصی نمائش کی جاتی ہے۔

اس کے علاوہ کئی پراڈکٹس کے برانڈ ایمبسڈر بھی اس میں شامل ہوتے ہیں۔ انڈین اداکارہ ایشوریہ رائے ہر سال اس حیثیت سے اس فلم فیسٹیول میں شامل ہوتی ہیں۔

انڈین اداکار نہ صرف فلموں کی نمائش کے لیے بلکہ کانز میں جیوری کا حصہ بھی رہے۔ ایشوریہ رائے کے علاوہ دپیکا پڈوکون، شیکھر کپور، ودیا بالن، نندیتا داس اور شرمیلا ٹیگور بھی کانز جیوری کا حصہ رہے ہیں۔

SOURCE : BBC